الإثنين، 21 جمادى الثانية 1446| 2024/12/23
Saat: (M.M.T)
Menu
القائمة الرئيسية
القائمة الرئيسية

معاشرے میں زنا بالجبرکی بیماری جنسی آزادی کی لبرل سوچ کا منطقی نتیجہ ہے

بسم الله الرحمن الرحيم


اس سال ستمبر میں لاہور کی پانچ سالہ بچی کے ساتھ زنا بالجبر اور پھر اس کو ایک ہسپتال کے باہر پھینک دینے کے واقع نے پاکستان اور پوری دنیا کو لرزا دیا۔ اس بھیانک واقع کو چند روز ہی گزرے تھے کہ فیصل آباد میں ایک چھوٹی بچی اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کالج کی ایک طالبہ زنا بالجبر کا شکار ہوں گئیں۔ حالیہ چند سالوں میں پاکستان میں عورتوں اور بچوں کے ساتھ زنا بالجبر کے واقعات نے ملکی میڈیا کی کی شہ سرخیاں بنیںاور میڈیا نے پاکستان میں ان بڑھتے ہوئے گھناؤنے واقعات کو عوام کے سامنے پیش کیا ہے۔ اس جرم میں ملوث افراد کا تعلق معاشرے کے کسی مخصوص طبقے سے نہیں تھا بلکہ وہ مختلف پس منظر رکھتے تھے۔اسلام آباد کی ایک غیر حکومتی تنظیم(NGO) "ساحل" کے مطابق 2012 میں بچوں کے خلاف جنسی جرائم کے 3861مقدمات ریکارڈ کیے گئے جوکہ 2011 کے مقابلے میں 17فیصد زائد ہیں۔صرف اس سال ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے لاہور میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے 113 واقعات ریکارڈ کیے ہیں۔ لیکن اس مسئلہ کی شدت ان اعدادوشمار سے کئی گنا زیادہ ہے۔ اس جرم کے حوالے سے معاشرے میں موجود شرم،مجرم کی جانب سے مزید حملے کے خوف اور پولیس کا اس جرم کے شکار مظلوموں کے ساتھ توہین آمیز سلوک کی وجہ سے ماہرین یہ سمجھتے ہیں کہ اس جرم کے واقعات اکثر منظر عام پر لائے ہی نہیں جاتے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان واقعات کو پولیس کے پاس مقدمات کی صورت میں درج نہ کروانے کی وجہ یہ بھی ہے کہ خواتین اور ان کے اہل خانہ اس قانونی نظام پر اعتماد کھو چکے ہیں جو انصاف کی فراہمی میں انتہائی تاخیر کرتا ہےجہاں ان مقدمات میں سزاؤں کا تناسب انتہائی کم ہے اور پولیس اور عدلیہ میں موجود کرپشن کی بنا پر اکثر ملزمان رہا ہوجاتے ہیں۔
ان واقعات کے خلاف ملکی سطح پر غم و غصہ صرف اس جرم میں ملوث لوگوں کے خلاف ہی نہیں کہ انھیں سخت ترین سزا دی جائے بلکہ عوام کا غصہ پولیس، سیاست دانوں اور اس نظام کے خلاف بھی ہے جو اس مسئلہ سے نمٹنے میں بری طرح سے ناکام ہوچکے ہیں۔ لوگوں کا غم و غصہ اس لیے بھی سیاست دانوں کے خلاف شدید ہے کیونکہ عورتوں اور بچوں کی حفاظت اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ان کاتساہل پر مبنی رویہ انتہائی شرمناک اور مجرمانہ ہے۔
جنسی جرائم میں اس قدر اضافے کا شکار صرف پاکستان ہی نہیں ہے۔ ہمارا پڑوسی بھارت پچھلے سال دسمبر میں دہلی کی ایک بس میں 23 سالہ میڈیکل کی طالبہ کے ساتھ ہونے والے زنا بالجبر اور اس کے قتل کے خلاف عوامی غم و غصہ سے گونج اٹھاتھا ۔ اس واقع کے بعد بھی زنا بالجبر کے کئی ایک ایسے واقعات ہوئے کہ جس نے بین الاقوامی میڈیا کو بھی ان واقعات کو اپنی خبروں میں نمایاں جگہ دینے پر مجبور کردیا کیونکہ یہ بات اس لحاظ سے انتہائی اہم تھی کہ یہ مجرمانہ حملے ایک وبا کی طرح اس ملک میں ہورہے تھے جو دنیا کی سب سے بڑی سیکولر جمہوریت بھی ہے۔بھارت میں حالیہ سالوں میں اس قسم کے مجرمانہ حملوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور اب یہ جرم بھارت میں سب سے زیادہ تیزی سے بڑھنے والا جرم بن چکا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق بھارت میں ہر بیس منٹ میں ایک خاتون زنا بالجبر کا شکار ہوتی ہے اور ٹائمز آف انڈیا کے مطابق پچھلے چالیس سالوں میں بھارت میں اس جرم میں 792فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ان گھناؤنے جرائم کے خلاف ایک بار پھرعوامی غم و غصہ کا نشانہ پولیس اور سیاست دان بنے کیونکہ انھوں نے اس جرم سے متعلق غفلت کا مظاہرہ کیا اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کسی قسم کی تیزی نہیں دِکھائی۔ برطانیہ میں پچھلے ایک سال کے دوران میڈیا میں شوبز کی مشہور و معروف شخصیات کے ہاتھوں بچوں اور چھوٹی بچیوں کو جنسی لذت کے حصول کا ذریعہبنانے اور ملک کے کئی شہروں میں قحبہ خانوں کو چلانے والے گروہوں کی خبریں گردش میں رہی ہیں۔ بچوں کی حفاظت کی ایک تنظیم، NSPCCکے مطابق برطانیہ میں بالغ نوجوانوں کی ایک تہائی تعداد ایسی ہے کہ جو اپنے پچپن میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنے جبکہ برطانیہ کے محکمہء صحت کے اعدادوشمار کے مطابق ملک میں ہر دس منٹ میں ایک عورت یا تو جنسی زیادتی کا شکار ہوتی ہے یا اس پر جنسی حملہ کیا جاتا ہے۔ امریکہ میں امراض کو قابو اور اس کے بچاؤ سے متعلق ادارےCenters for Disease Control and Preventionکے مطابق امریکہ میں ہر پانچ میں سے ایک عورت زنا بالجبر یا جنسی حملے کا شکار ہوئی ہے۔ یہ تمام اعدادوشمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ سیکولر لبرل ممالک میں جنسی حملے ایک عام جرم ہے۔
ان ممالک نے اس غلیظ اور گھناؤنے جرم کے خلاف ہونے والے عوامی ردعمل کے نتیجے میں محض چند نئی پالیسیاں اور قوانین بنائے جن میں مجرموں کے لیے سخت سزائیں بھی شامل ہیں۔ حکومتوں کا اس قسم کا فوری ردعمل اس مسئلہ کو حل کرنے کے حوالے سے ان کی سُست روی کے خلاف عوامی ردعمل کو ٹھنڈا کرنے کے لیے ہوتا ہے۔ یہ اس بات کو جانتے بوجھتے نظر انداز کردیتے ہیں کہ اس مسئلہ کو ختم کرنے کے لیے مشرق و مغرب میں کی جانے والی کوششیں، جن میں سخت سزائیں بھی شامل ہیں ، اس مسئلے کو حل کرنا تو دور کی بات ، اس کی شدت میں کمی لانے میں بھی ناکام رہیں ہیں۔
ایک چیز جو اس مسئلہ کو سمجھنے کے لیے انتہائی ضروری ہے وہ یہ کہ لبرل اور سرمایہ دارانہ اقدار اور اس نظام کے متعلق سوالات اٹھائیں جائیں جو اس وقت پاکستان سمیت دنیا بھر کے ممالک میں رائج ہیں۔ زنابالجبر کا عام ہونا، پولیس کا اس کے متعلق بے فکری کا رویہ اور حکومتوں کا اس مسئلہ پر لاپرواہی پر مبنی رویہ دراصل معاشرے کو منظم طریقے سے ایسا بنا دینا ہے جہاں جنسی لذت کا حصول زندگی کے اہم ترین مقاصد میں سےایک ہوتا ہے اور لبرل اقدار مثلاًشخصی آزادی اور جنسی آزادی جس کے نتیجے میں عورت کے وقار اور عزت کو خاک میں ملا دیا جاتا ہے اور سرمایہ دارانہ نظام محض معاشی فوائد کے لیے اس کو فروغ دیتا ہے۔ان تمام چیزوں نے ایسا ماحول پیدا کردیا ہے جس نے مردوں کی نگاہ میں عورت کی عزت و مقام کو پامال کردیا ہے اور ان کی سوچ کو گندا اور غلیظ کردیا ہے جو انھیں ایسے خوفناک جرائم کی جانب مائل کرتا ہے اور پولیس، عدلیہ اورحکمرانوں کی نظر میں اس جرم کی سنگینی کو کم کردیا ہے جس کی وجہ سے وہ اس جرم کو معمول کے کسی بھی دوسرے جرم کی طرح ہی دیکھتے ہیں اور یہ تمام باتیں بچوں اور خواتین کے خلاف جنسی جرائم کو فروغ دیتے ہیں۔
لبرل آزادیاں افراد کو اس بات کی جانب راغب کرتی ہیں کہ وہ اپنی جنسی تسکین کو پورا کرنے کے لیے کسی سے بھی، کسی بھی طریقے سے تعلق قائم کرسکتے ہیں جس کو وہ اپنے لیے مناسب سمجھتے ہوں۔ یہ لبرل اقدار اشتہارات، فیشن، فحش مواد، موسیقی، ٹی وی اور فلمی صنعت کے ذریعے خصوصاً بولی وڈ اور لولی وڈ ثقافت کے ذریعےمعاشرے میں عام کی جاتی ہیں جو پاکستان اور دیگر سرمایہ دارانہ آزاد(لبرل) ممالک میں دیکھی اور پسند کی جاتی ہیں۔ اس قسم کی صنعتیں اور ثقافت معاشرے پر مسلسل فحاشی کی بمباری کرتے ہیں اور جنسی جذبات کو مشتعل کرنے والی خواتین کی تصاویر اور کہانیوں کے ذریعے ایک فرد کے جنسی جذبات کو مسلسل مشتعل کیا جاتا ہے۔ خواتین کو مسلسل ایک شے، ایک چیز کے طور پیش کیا جاتا ہے جس کا مقصد مردوں کی خواہشات اور جذبات کو ہی پورا کرنا ہے اور اس طرح منظم طریقے سے معاشرے میں عورت کے مقام کو پست تر کردیا جاتا ہے۔ ڈرامہ، فلم اور فحش مواد کی صنعت مردوں کے ہاتھوں خواتین کی عصمت دری کو دِکھاتے ہیں جس سے دیکھنے والوں کی نظر میں اس شرمناک تشدد کا احساس ہی باقی نہیں رہتا۔اس کے ساتھ ساتھ شادی کے بندھن سے باہر مرد و عورت کے جسمانی تعلق کو ایک عام حقیقت قرار دیا جاتا ہے بلکہ اسے خوش نما عمل کے طور پر پیش کیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں ایسی تہذیب پیدا ہوتی ہے جس میں مردو عورت کا تعلق محض ایک جنسی تعلق بن کر رہا جاتا ہے۔
یہ اسی خطرناک ماحول کا نتیجہ ہے کہ بہت سے مرد یہ دیکھتے ہوئے کہ وہ سزا سے بچ نکلیں گے،اپنی جنسی خواہش کو پورا کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہوجاتے ہیں چاہے بچوں، بچیوں اور خواتین کو اس شرمناک حرکت کا نشانہ ہی کیوں نہ بنانا پڑے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس ماحول نے نہ صرف اس جرم کے مرتکب افراد کی نظروں میں عورتوں اور بچے بچیوں کی حرمت کو گھٹا دیا ہے بلکہ اُن لوگوں کی نگاہ میں بھی یہ کوئی غیر معمولی عمل نہیں ہوتا جن کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کے کمزور افراد یعنی بچوں اور خواتین کو تحفظ فراہم کریں اور اسی وجہ سے ہم اس جرم کے خلاف ان میں کسی قسم کی غیر معمولی حرکت نہیں دیکھتے۔ لہٰذا اس قسم کی صنعت کو بے ضرر تفریحی نہیں سمجھنا چاہیے۔ ان کا منظم طریقے سے معاشرے کو جنسیات میں مشغول کردینا اور عورت کے مقام کو کمتر کردینا ریاست میں موجود خواتین اور بچوں کی حفاظت کے حوالے سے منفی نتائج پیدا کرتے ہیں۔ اور کرپٹ سرمایہ دارانہ نظام ان تمام خبائث کی پشت پناہی کرتا ہےکیونکہ اس نظام میں کسی بھی قیمت پر منفعت کی پیاس بجھتی ہی نہیں اور وہ اپنے کاروبار کو بڑھانے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں چاہے اس کے نتیجے میں معاشرے میں عورت کا وقار مٹی میں مل جائے اور جنسی جرائم میں خوفناک حد تک اضافہ ہوجائے۔
تو پھراس مسئلہ کا حل کہاں ہے؟ اس مسئلے کو اخلاص سے حل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم لبرل، سرمایہ دارانہ اقدار اور اس کے نظام کو مسترد کردیں۔ اس مسئلے کے حل کے لیے لازمی ہے کہ ہم ان اقدار اور اس نظام کو قبول کریں جو کسی بھی صورت عورت کے مقام و مرتبے کی تذلیل نہ کرتا ہو، جو پیسے کو اخلاقیات پر فوقیت نہ دیتا ہو اور مردو وعورت کے تعلق کو محض جسمانی تعلق ہی نہ سمجھتا ہو بلکہ ان کی اس جبلت کو ایسے طریقے سے پورا کرتا ہو جو معاشرے کے لیے نقصان کا باعث نہ بنے بلکہ نہ صرف مرد و خواتین بلکہ معاشرے کی فلاح اور ترقی کا باعث بھی بنے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے ہمیں کہیں اور جانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اسلامی طرز زندگی اور اس کے نظام میں یہ سب کچھ موجود ہے جو کہ اس کے عقیدے سے نکلتا ہے اور اس عقیدے کو پاکستان کے مسلمان دل و جان سے زیادہ عزیز رکھتے ہیں اور وہ عقیدہ ہے اسلام۔
اسلام نے عورت کے مقام ومرتبے، عفت و عصمت کو دنیا بھر کے خزانوں سے زیادہ قیمتی قرار دیا ہے اور اس کے تحفظ کو ویسے ہی لازمی قرار دیا ہے جیسا کہ اسلام کا تحفظ کرنا۔ رسول اللہﷺ نے خواتین کے متعلق فرمایا:((إنما النساء شقائق الرجال ما أكرمهن إلا كريم وما أهانهن إلا لئيم))"خواتین مردوں کا آدھا حصہ ہیں۔ ایک شریف آدمی خواتین کے ساتھ عزت سے پیش آتا ہے لیکن ایک جاہل مرد،عورت کی تذلیل کرتا ہے"۔ رسول اللہ ﷺ نے حجۃ الوداع کے موقع پر فرمایا تھا کہ ((اتقوا الله في النساء))"خواتین کے معاملے میں اللہ سے ڈرو" اوررسول اللہﷺ نے عورت کو مرد کے ہاتھ میں ایک امانت قرار دیا اور اس امانت کی حفاظت کے لیے ایک پورے قبیلے کو مدینہ بدر کر دیا کیونکہ بنو قینُقہ نے ایک مسلمان عورت کی عزت پر ہاتھ ڈالا تھا۔لیکن اسلام صرف خواتین اور بچوں کی حفاظت اور ٖفلاح کو ہی انتہائی اہمیت نہیں دیتا بلکہ وہ ایک تفصیلی نظام اور اقداربھی فراہم کرتا ہے جس کے نتیجے میں ریاست اپنے شہریوں کو جنسی جرائم سے تحفظ فراہم کرتی ہے اور معاشرے کو ایک مخصوص شکل دینے کے لیے اس نظام کے قوانین ایک دوسرے سے متصادم نہیں ہوتے بلکہ ایک دوسرے کے لیے تقویت کو باعث بنتے ہیں۔
سب سے پہلے اسلام لبرل شخصی اور جنسی آزادیوں کو مستردکرتا ہے بلکہ معاشرے میں خوف خدا کے احساس کو پروان چڑھاتا ہے جس کے نتیجے میں احتساب پر مبنی ذہنیت پیدا ہوتی ہے جو مردکو خواتین اور بچوں کی عزت کرنے کی جانب مائل کرتی ہے۔ لہٰذا اسلام معاشرے میں جنسیات کی ترویج کی ممانعت کرتا ہے اور جنسی جبلت کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل سے معاشرے کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور ایسے تمام اعمال کی ممانعت کرتا ہے جس کے نتیجے میں عورت کو ایک شے کے طور پر دیکھا جائے اور عورت کا استحصال کیا جائے۔ اس طرح مردو عورت کے تعلقات کا محورکبھی بھی محض جنسی تسکین نہیں ہوتی اور عورت کا مقام و مرتبہ بھی برقرار رہتا ہے۔
دوسرا یہ کہ اسلام کا معاشرتی نظام ایسے قوانین کا مجموعہ ہے جو مردو عورت کے تعلقات کو منظم کرتا ہے۔ اس میں شریفانہ لباس، مرد و عورت کے اختلاط کو روکنا اور شادی کے بندھن سے باہر ان کے جسمانی تعلق کی ممانعت بھی شامل ہے۔ یہ تمام اقدامات مرد وعورت کو اس بات پر مجبور کرتے ہیں کہ وہ جنسی جبلت کی تسکین کو صرف اور صرف شادی کے بندھن کے ذریعے سے ہی پورا کرسکتے ہیں۔ لہٰذا جنسی جبلت کو دبایا نہیں جاتا اور نہ ہی کھلا چھوڑ دیا جاتا ہے بلکہ اس کی اس طرح تسکین کی جاتی ہے کو معاشرے کے لیے فلاح کا باعث ہو۔
اور تیسری بات یہ کہ اسلام جنسی جرائم کے خلاف انتہائی سخت سزائیں مقرر کرتا ہے جس میں چند مخصوص مقدمات میں موت کی سزا بھی دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ اسلام اس بات کو لازمی قرار دیتا ہے کہ ایک ایسا موثر عدالتی نظام ہو جو ان جرائم سے باآسانی نمٹ سکے۔
یہ تمام اقدامات عورتوں اور بچوں پر جنسی حملوں کو انتہائی کم کردیتے ہیں اور ایسا معاشرہ پیدا کرتے ہے جہاں لوگ خوف کی حالت میں نہیں رہتے بلکہ انھیں تحفظ کا احساس ہوتا ہے اور یہ تحفظ کا احساس انھیں بغیر کسی خطرے کےسفرکرنے، پڑھنے اور کام کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ لیکن یہ ماحول صرف اسی وقت پیدا کیا جاسکتا ہے جب ایک ریاست اسلام کا نظام مکمل طور پر اسلام کے نظام حکمرانی کے تحت نافذ کرے اور خواتین و بچوں کی عفت و عصمت کے تحفظ کو انتخابی نعرے کے طور پر نہیں بلکہ یاست کیپالیسی میں اولین ترجیح قرار دے۔ اس میں تعلیمی نظام اور میڈیا بھی شامل ہے جو معاشرے میں عورت کے بلند مقام کی ترویج کرے گا نہ کہ اس کو ایک ایسی شے کے طور پر پیش کرے جس کا کام مردوں کی خواہشات کو پورا کرنا ہو۔
خلاصہ یہ ہے کہ یہ سمجھنا کہ اس جرم کے خلاف شعور کی بیداری کے لیے مہم چلانے سے، پولیس کو بہتر تربیت دینے سےیا زیادہ سخت قوانین بنانے سے خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم میں قابل ذکر کمی آجائے گی جبکہ دوسری جانب ایسا نظام نافذ ہو جو منظم طریقے سے خواتین اور بچوں کے عزت و مرتبے کو گھٹا تا ہو ، ان کے تحفظ کی ذمہ داری سے کوتاہی برتتا ہو، ایک خواب ہے جس کی تعبیر ممکن ہی نہیں۔ جب تک کہ اس تصور اور اس کی ترویج کرنے والی حکومت کو پاکستان سے اکھاڑ نہیں پھینکا جائے گا جو معاشرے میں ایسے جرائم کے پیدا ہونے کی بنیادی وجہ ہے اور اس کی جگہ اسلام کو نافذ نہیں کیا جاتا جو ایسی اقدار کی ترویج کرتا ہے جس کے نتیجے میں شہریوں کی عزت و حرمت کو تحفظ حاصل ہو، تو ایسے انتہائی افسوسناک اور خوفناک واقعات کا سلسلہ جاری و ساری رہے گا اور خبروں کی سرخیوں کی زینت بنتے رہیں گے۔
ڈاکٹر نظرین نواز
حزب التحریر کے میڈیا آفس کی رکن

Leave a comment

Make sure you enter the (*) required information where indicated. HTML code is not allowed.

اوپر کی طرف جائیں

دیگر ویب سائٹس

مغرب

سائٹ سیکشنز

مسلم ممالک

مسلم ممالک