الأحد، 20 جمادى الثانية 1446| 2024/12/22
Saat: (M.M.T)
Menu
القائمة الرئيسية
القائمة الرئيسية

رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمْ وَرَضُوا عَنْهُ "اللہ ان سے راضی ہے اور وہ اللہ سے راضی ہیں"

بسم الله الرحمن الرحيم

رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:«بدأ الإسلام غريباً وسيعود غريباً كما بدأ فطوبى للغرباء قالوا يا رسول الله ومن الغرباء؟ قال الذين يصلحون عند فساد الناس» "اسلام کی ابتداء اجنبی تھی اور یہ دوبارہ اجنبی ہو جائے گا جیسا کہ یہ اپنی شروعات میں تھا۔  انہوں نے کہا: اے اللہ کے رسولﷺ، یہ اجنبی کون ہیں؟  آپ ﷺ نے جواب دیا: جو اس وقت لوگوں کی اصلاح کریں گے جب ان میں خرابی پھیل جائے گی''(طبرانی )۔   اور فرمایا: ((إن الدين بدأ غريباً ويرجع غريباً، فطوبى للغرباء الذين يصلحون ما أفسد الناس من بعدي من سنتي))"بے شک دین ایک اجنبی کی طرح شروع ہوا اور یہ پھر اجنبی ہو جائے گا، پس ان اجنبیوں پر رحمت ہو جو میرے بعد میری سنت کی اصلاح کریں گے جسے لوگوں نے بگاڑ دیاہو گا''۔    بے شک  آج اگر ہم اپنے ارد گرد نظر دوڑائیں تو یہ دور وہی دور ہے جس کا تذکرہ رسول اللہ ﷺ نے اپنی اِن احادیث میں کیا ہے۔   دین اجنبی ہو چکا ہے،فساد اور خرابی ہر طرف پھیلی ہوئی ہے،نبی کریم ﷺ کی سنت کو بگاڑاجا چکا  ہےاوراسلام کو مساجد تک محدود کر دیا گیا ہے،بلکہ کئی جگہ مساجد کے منبروں سے بھی  اسلام کی صحیح تصویر پیش نہیں کی جا رہی  ہے۔    دوسری طرف مسلم دنیا کے حکمرانوں نے استعماری کفار کے ساتھ مل کر اسلام کے خلاف ایک جنگ برپا کر رکھی ہے۔  پچھلی کئی دہائی سے جاری اس جنگ کی تازہ کڑی یہ ہے کہ  پہلے جہاد کے تصور کو بدنام کیا گیا اور اب خلافت کے تصور کو داغ دار کیا جا رہا ہے۔

 

لیکن الحمد اللہ مسلم معاشروں سے اسلام کو مٹائے جانے کے احساس نے آج امت کو دوبارہ متحرک کردیا ہے۔ مسلمان اس کوشش میں ہیں کہ آج پھر سے اسلام کو زندہ کیا جائے،اسلام کے افکار پر صدیوں سے جمی ہوئی گرد کو صاف کیا جائے،اسلام کا درخت دوبارا ہرا بھرا ہو،یہ امت دوبارا بہترین امت بن کر ابھرےاور اس دین کو باقی تمام ادیان پر غالب کرے۔

تاہم یہ کام آسان نہیں ہے۔   اس رستے میں مشکلات ہیں، آزمائشیں ہیں۔اسلام کی وہ ریاست کہ جس کو تباہ کرنے کے لیے کفار نے  جنگیں لڑیں ، صدیوں تک سر جوڑ کر سازشیں کیں،وہ اس ریاست کے دوبارا ابھرنے کو ٹھنڈے پیٹ کیسے برداشت کر سکتے ہیں۔  آج جو بھی اس کام کو کرنے کے لیے اٹھ رہا ہے کفار مسلم دنیا میں موجود اپنے  ایجنٹ حکمرانوں کے ذریعےانہیں مسلم معاشروں سے کاٹنے کی کوشش کر رہے ہیں اور مجرم بنا کر پیش کر رہے ہیں۔     پس آج جو بھی اسلام کو دوبارا نظام اور ریاست کے طور پر واپس لانے کے لیے  کام کرے گا اسے اجنبی بننا پڑے گا۔

آج ایک حامل دعوت کو اس صورتِ حال کے لیے بھی تیار ہونا ہو گا کہ اسے ماحول کے دھارے کے خلاف چلنا ہے۔  کیونکہ وہ چیزیں جو اللہ کی نظر میں اہم نہیں انہیں اہم بلکہ زندگی کا مرکز و محور بنا دیا گیا ہے، اور وہ امور جو کہ مسلمانوں کے زندگی اور موت کا مسئلہ ہیں ، بے وقعت کیے جا چکے ہیں۔   یہ اس سرمایہ دارانہ نظام کا اثرہے جو پچھلی کئی دہائیوں سے مسلم دنیا پر نافذ ہے ۔  یہی وجہ ہے کہ ایک حامل دعوت کی حالت یہ ہوتی ہے کہ جب اس کے تمام دوست  اپنے مستقبل کو سنوارنے (کیرئر ) کی لگن میں جتے ہوتے ہیں ،تو وہ ان لوگوں پر اپنا وقت خرچ کر رہا ہوتا ہے، جن سے اس کی کوئی رشتے داری نہیں،کوئی دنیاوی غرض نہیں، کوئی دوستی نہیں ۔اس کے گھر والے، رشتے دار، عزیز و عقارب اسے دوسروں کی مثالیں دیتے ہیں کہ کامیاب زندگی اسے کہتے ہیں، دیکھو فلاں شخص نے کتنی تیزی سے دنیا میں ترقی کی ہے، اپنی زندگی کو مستحکم  ( settle)کیا ہے ،اب اس کا اپنا گھر ہے، نئی گاڑی ہے، اس نے  اپنے والدین کے لیے کتنی آسائشوں اور ان کےحج و عمرے کا بندوبست کیا  ہے ۔   اس کے دوست اس سے کہتے ہیں کہ تم کن کاموں میں پڑ گئے ہو، اپنی اور اپنے بال بچوں کی فکر کرو،اپنے مستقبل کی فکر کرو۔   جب ایک حاملِ دعوت یہ باتیں سنتا ہے تو اسےمحسوس ہوتا ہے کہ اسلام کے احکام، اسلام کے تقاضے، رسول اللہ ﷺ کی سنت، صحابہ کے طریقے، سیرتِ نبوی، یہ سب اجنبی ہو چکے ہے۔  ایک حاملِ دعوت کو یہ اجنبیت دعوت کے کسی نہ کسی موڑ پر ضرور محسوس ہوتی ہے۔

 

ایک حاملِ دعوت اس اجنبی ماحول میں استقامت کی راہ سے ڈگمگانے سے  اسی صورت محفوظ رہ سکتا ہے جب وہ انبیاء اورصحابہ کے واقعات پر غور و فکر کرتا رہے اور اپنے آپ کو یاددہانی کراتا رہے کہ کس طرح ان ہستیوں نے دین کے مقابلے میں دنیاوی آسائشوں کو بے وقعت سمجھا، دین و دنیا کی تجارت میں دین کا انتخاب کیا،کس طرح مجاہدینِ اسلام  نے اسلام کی سربلندی کو اپنی زندگیوں کا نصب العین بنایا۔

اور یہی وہ اجنبیت ہے کہ جس کے بدلے میں اجر ہے، وہ اجر نہیں جو کہ اصحاب الیمین کو ملے گا  بلکہ ویسا اجر جو کہ سابقون الاولون کو ملے گا، ان لوگوں کو ملے گا جو قیامت کے دن اللہ کے مقرب ہوں گے،   نور کے منبروں پر بیٹھے گے، انہیں رحمٰن کے قدموں میں جگہ دی جائے گی۔  یہ اجر ان لوگوں کو ملے گا کہ جن کے متعلق اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ" لا خوف علیھم ولاھم یخزنون"انہیں نہ کوئی خوف ہوگا اور نہ ہی وہ غمزدہ ہوں گے"(یونس:62)۔

بے شک جو لوگ اپنی دنیا میں مگن ہیں یا پھر اس انتظار میں ہیں کہ جب دین کو فتح حاصل ہو جائے گی  اور خلافت قائم ہو جائے گی تو وہ بھی ساتھ شامل ہو جائیں گے، وہ ان لوگوں کے برابر نہیں ہیں جو آج کفر کی موجوں کے تھپیڑے برداشت کر رہے ہیں، ایجنٹ حکمرانوں کے قید خانوں کا سامنا کر رہے ہیں، ان کے غنڈوں کے شر سے نبٹ رہے  ہیں، ان کے بنائے ہوئے کالے قوانین سے ٹکڑا رہے ہیں ،اورخلافت کے قیام کی جدوجہد میں اپنے بیوی بچوں کی قربانی دے رہے ہیں۔رسول اللہ ﷺ کے دور میں بھی یہی صورتِ حال تھی ،جب باقی عالمِ عرب رسول اللہ ﷺ اور ان کے مختصر گروہ اور مشرکین مکہ کی کشمکش کو دیکھ رہا تھا۔امام بخاری نے روایت کیا ہے : " تمام عرب اپنے اسلام کے لیے فتحِ مکہ کا منتظر تھا ۔  وہ کہتے تھے کہ محمد کو اپنی قوم سے نبٹ لینے دو۔  اگر وہ غالب آ گئے تو وہ سچے پیغمبر ہیں ۔  پس جب مکہ فتح ہو گیا تو ہر قبیلے کے لوگ تیزی سے اسلام کی طرف لپکے"۔  لیکن جب مکہ فتح ہو گیا تو اللہ سبحانہ وتعالیٰ نےاعلان فرمادیا:

لَا یسْتَوِیْ مِنْکُمْ مَّنْ اَنْفَقَ مِنْ قَبْلِ الْفَتْحِ وَ قَاتَلَ ط اُولٰئِکَ اَعْظَمُ دَرَجَةً مِّنَ الَّذِینَ اَنْفَقُوْا مِنْم بَعْدُ وَ قَاتَلُوْا

''تم میں سےجن لوگوں نےفتح سےپہلےخرچ کیااورقتال کیاوہ (بعد والوں کے) برابرنہیں۔  ان کادرجہ ان لوگوں سےکہیں بڑھ کرہےجنہوں نےبعد میں اموال خرچ کیےاورقتال کیا''(الحدید:10)۔

انشاء اللہ ایسے ہی درجات  ان لوگوں کے منتظر ہیں جنہوں نے آج اجنیبیت کی زندگی کو دنیادی آسائشوں پر ترجیح دی ہے۔

لیکن ان درجات کے کچھ لوازمات ہیں جن کے بغیر وہ اجر حاصل نہیں ہو سکتا کہ جو اس دعوت کے ساتھ منسلک ہے۔ان درجات کو حاصل کرنے کے لیے اس دعوت کے لیے ویسی ہی سرگرمی دکھانا ہو گی جو کہ ان لوگوں نے دکھائی جنہوں نے پہلی مرتبہ اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا تھا، اتنا ہی سنجیدہ اور یکسو ہونا ہو گا جیسا کہ صحابہ کرامؓ تھے، ویسی ہی عادات اپنانا ہوں گی جیسا کہ صحابہؓ کی تھیں۔  کیونکہ یہی وہ گروہ ہے کہ جن کے ایمان ، ایثار اور صبر و استقامت کی اللہ تعالیٰ نے قرآن میں تصدیق کی ہےاور ان کے متعلق کہا ہے کہ اللہ ان سے راضی ہے اور وہ اللہ سے راضی ہیں،اور ان کے متعلق گواہی دی ہے:

وَالَّذِينَ آمَنُوا وَهَاجَرُوا وَجَاهَدُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ وَالَّذِينَ آوَوا وَنَصَرُوا أُوْلَئِكَ هُمْ الْمُؤْمِنُونَ حَقًّا لَهُمْ مَغْفِرَةٌ وَرِزْقٌ كَرِيمٌ

"اورجو لوگ ایمان لائے ، ہجرت کی ، اللہ کی راہ میں جہاد کیا اور جنہوں(نے مہاجرین کو) جگہ دی اور ان کی مدد کی ، یہی لوگ سچے مومن ہیں ۔ ان کے لیے بخشش ہے اور عزت کا رزق ہے" (سورۃ الانفال:75) ۔

 

ایک حاملِ دعوت جب اس حدیث کو پڑھتا ہے :ثم تکون خلافةعلی منهاج النبوۃ"پھر نبوت کے تقشِ قدم پر خلافت قائم ہو گی" تواسے   رسول اللہ ﷺ کی طرف سے دی گئی بشارت پر خوشی ہوتی ہے اور دل میں ایک اطمینان پیدا ہوتا ہے۔   تاہم اسے  اس حدیث پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔یہ حدیث جس طرح ہمیں بتاتی ہے کہ خلافت نے دوبارہ قائم ہونا ہے اس کے ساتھ ساتھ اس چیز کی طرف بھی اشارہ کر رہی ہے کہ یہ خلافت نبوت کے نقشِ قدم پر ہوگی۔ یعنی اس گروہ میں وہ خصوصیات ہوں گی جو اس پہلے گروہ میں تھیں کہ جس نے پہلی اسلامی ریاست کو قائم کیا تھا۔   تو پھر  ہم پر لازم ہے کہ ہم ان لوگوں کی زندگیوں کا مطالعہ کریں کی جنہوں نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ مل کر اس اسلامی ریاست کو پہلی مرتبہ قائم کیا تھا، کہ نئی قائم ہونے والی خلافت اسی کا عکس اور اس کے نقشِ قدم پر قائم ہوگی۔  ہم ان صحابہ کی زندگی کا جائزہ لیں کہ انہوں نے دین کی دعوت کو کیا اہمیت دی تھی، ان کی صفات کیا تھیں۔   یاددہانی کے طور پرکچھ واقعات کا ذکرکرتے ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں ارشاد فرمایا ہے کہ

فَإِنَّ الذِّكْرَى تَنْفَعُ الْمُؤْمِنِينَ

"یاد دہانی مومنین کو فائدہ دیتی ہے"(الذریت:55)۔

عمرو بن جموحؓ انصاری صحابی تھے، رسول اللہ ﷺ نے انہیں جد بن قیس کی جگہ پربنو سلمہ قبیلے کا سردار بنایا تھا۔  وہ ایک پاؤ ں سے معذور تھے جس کی وجہ سے وہ لنگڑا کر چلتے تھے۔  بدر کے موقع پر رسول اللہ ﷺ کے پاس حاضر ہوئے اور جہاد میں شرکت کی اجازت طلب کی ۔  آپ ﷺ نے فرمایا کہ آپ معذور ہیں لہٰذا آپ کے لیے اللہ کی طرف سے رخصت ہے ۔ چنانچہ وہ بدر کی جنگ میں شرکت نہ کر سکے۔  ان کے چار بیٹے تھے جو کہ بدر میں شریک ہوئے۔  معاذؓ جنہوں نے بدر کی جنگ میں ابوجہل کو اپنا ہدف بنایا تھا اور ابوجہل کی ٹانگ کاٹی تھی عمرو بن جموحؓ ہی کے بیٹے تھے۔ جب  احد کا موقع آیا تو عمرو بن جموح  نے اپنے بیٹوں سے کہا کہ میں بھی تمہارے ساتھ جہاد میں شرکت کروں گا۔  بیٹوں نے کہا کہ آپ معذور ہیں ، اللہ کی طرف سے آپ کےلیےرخصت ہے ۔  لیکن وہ نہ مانے اور رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ میرے بیٹے مجھے آپ کے ساتھ جانے سے روکتے ہیں۔  اور کہا: اللہ کی قسم میں اللہ سے امید رکھتا ہوں کہ اسی معذور ٹانگ کے ساتھ میں جنت کی زمین پر سیر کروںگا۔  آپ کے  اصرار پر آپ ﷺ نے بیٹوں سے مخاطب ہو کر ارشاد فرمایا: کیا حرج ہے اگر تم انہیں نہ روکو، شائد اللہ تعالیٰ ان کو شہادت نصیب فرمائے ،چنانچہ وہ جہاد کے لئے نکلے۔  چونکہ ٹانگ سے معذور تھے ،جو کہ لڑائی ، حملےاور بچاؤ میں رکاوٹ تھی، چنانچہ جلد ہی شہید ہو گئے۔   اسی غزوہ میں ان کے بیٹے خلاد بن عمرو بن جموح بھی شہید ہوئے ۔  جنگ کے بعد عمرو بن جموح کی بیوی ہندہ بنت عمرو بن حرام نے اپنے بیٹے اور شوہر کو ایک اونٹ پر ڈال کر مدینہ واپس لے جانے کا ارادہ کیا، تاکہ انہیں وہاں دفن کریں۔  مگر جب وہ مدینہ کا ارادہ کرتیں تو اونٹ بیٹھ جاتا اور جب احد کا رخ کرتی ہیں تو تیز چلنے لگتا ہے۔   انہوں نے آ کر رسول اللہ ﷺ سے عرض کیا ۔ آپ ﷺنے فرمایا: عمرو بن جموح نے مدینہ سے چلتے وقت کچھ کہا تھا۔ ہندہ  نے کہا ہاں انہوں نے دعا مانگی تھی:اللّٰھم لا تعد نی الی اھلی"اے اللہ مجھے  گھر والوں کی طرف واپس نہ بھیجنا"۔   آپ ﷺ نے فرمایا : اسی وجہ سے اونٹ نہیں چلتا۔ اور فرمایا: قسم ہے اس کی ذات کی جس کے قبضے میں میری جان ہے ،تم میں بعض ایسے بھی ہیں اگر اللہ پر قسم کھا بیٹھیں تو اللہ ان کی قسم کو ضرور پورا کرے ان میں سے عمرو بن جموح بھی ہیں۔

 

سبحان اللہ یہ تھے رسول اللہ ﷺ کے صحابی کہ جن کی معذوری انہیں جہاد پر جانے سے نہیں روک سکی،انہوں نے اس معذوری کو بہانہ نہیں بنایا،  چاہتے تو ایسا کر سکتے تھے۔  رسول اللہ ﷺنے عمرو بن جموح کو عبد اللہ بن عمرو بن حرام کے ساتھ ایک ہی قبر میں دفن کیا اور فرمایا:عمرو بن جموح اور عبد اللہ بن عمرو کو ایک ہی قبر میں دفن کر دو،یہ دونوں آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ محض اللہ تعالٰی کی رضا کے لئے محبت کیا کرتے تھے۔  اُس وقت صورتِ حال یہ تھی  کہ شہداء کو دفن کرنے کیلئے کفن میّسر نہ تھے،اس لئے عبداللہ بن عمروؓ ایک چادر میں کفن دیا گیاجس میں چہرہ تو چھپ گیا لیکن پاؤں کھلے رہے جن پر گھاس ڈالی گئی ۔یہ قبر نشیب میں واقع تھی ۔اتفاق سے چالیس سال بعد معاویہؓ کے زمانے میں یہاں سیلاب آگیا اور وہاں سے ایک نہر نکالنی پڑی۔اُس موقع پر قبر کو عبداللہ بن عمروؓ کے بیٹے جابربن عبد اللہؓ کی موجودگی میں کھولا گیا تو دونوں کے اجسام بالکل صحیح و سالم اور تر و تازہ تھے۔بلکہ ایک روایت یہ ہے کہ اُن کہ چہرے پر جو زخم تھا اُن کا ہاتھ اُ س زخم پر رکھا ہوا تھا۔لوگوں نے ہاتھ وہاں سے ہٹایا توتازہ خون بہنے لگاپھر ہاتھ دوبارہ وہاں رکھاتو خون بند ہو گیا (طبقات ابن سعد، موطا امام مالک، کتاب الجہاد، باب الدفن من قبر واحد من ضرورۃ)۔

صحابہ کی خوبی یہ تھی کہ وہ دین کی راہ میں آگے بڑھتے تھے،اپنے آپ کو پیچھے نہیں رکھتے تھےاور اس کوشش میں مشکلات اور آزمائشوں کی پرواہ نہیں کرتے تھے۔ ان کی یہ کوشش ہوتی تھی کہ ان کا ہر آنے والا دن اجر و ثواب کے لحاظ سے پچھلے دن سے بہتر ہو۔  بےشک آج بھی خلافت کے  قیام کے ذریعے دین کے نفاذ کی جدوجہدمحض معمول کا کام نہیں ہوگا، یہ صحابہ کی طرح دن اور رات کو ایک کرنےسے ہی ہو سکتا ہے،اس کے لیے حاملِ دعوت کو وہی تڑپ ،لگن ، اورشوق کو اپنے اندر اُجاگر کرنا ہو گا، جیسا ذوق اور شوق صحابہؓ کے اندر تھا۔غزوہ تبوک میں ہمیں اس شوق اور جنون کی ایک اور مثال ملتی ہے۔   غزوہ تبوک غزوہ عسرت بھی کہلاتا ہے، کیونکہ اس میں جنگی سامان اور سواریوں کی کمی تھی۔   رسول اللہ ﷺ نے غزوہ کے لیے تیاری کی ترغیب دی اور اس سلسلے میں صحابہ کرام ؓسے کہا کہ وہ اس کے لیے اپنا مال خرچ کریں۔  صحابہ کرام ؓنے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔  تبوک مدینہ منورہ سے بہت دور تھا۔  پیدل سفر دشوار تھا اس لئے سواریوں کا انتظام کیا گیا۔  چند تنگ دست صحابہؓ جن کی تعداد سات تھی رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کی کہ ہم جہاد میں شریک ہونا چاہتے ہیں مگر ہمارے پاس سواری نہیں ۔  آپ ہمارے لیے سواری کا بندوبست فرما دیں۔  ان کی درخواست سن کر رسول للہ ﷺ نے فرمایا:  لا اجد ما احملکم عليه"میرے پاس سواری نہیں کہ جس پر تم کو سوار کروں"۔  یہ سن کر ساتوں افراد رونے لگے  اور غزوہ میں شرکت سے محرومی پر افسوس کرتے ہوئے چلے گئے۔  ان سات لوگوں میں سالم بن عمیر بھی تھے جو کہ اصحابِ صفہ میں سے تھے۔     اللہ تعالیٰ نے سورۃ توبۃ میں ان کے اخلاص اور رغبت کی گواہی ان الفاظ میں دی ہے:

 

وَلَا عَلَى الَّذِينَ إِذَا مَا أَتَوْكَ لِتَحْمِلَهُمْ قُلْتَ لَا أَجِدُ مَا أَحْمِلُكُمْ عَلَيْهِ تَوَلَّوا وَّأَعْيُنُهُمْ تَفِيضُ مِنَ الدَّمْعِ حَزَنًا أَلَّا يَجِدُوا مَا يُنفِقُونَ
'' اور ان لوگو ں پر بھی کوئی گناہ نہیں کہ جب وہ آپ کے پاس آئے کہ آپ انہیں سواری دیں تو آپ نے کہا کہ میں تمہیں سوار کرنے کے لیے کچھ نہیں پاتا تو وہ اس حالت میں واپس ہوئے کہ ان آنکھوں سے آنسو رواں تھے کہ وہ خرچ کرنے کے لیے کچھ نہیں پارہے ہیں"(التوبۃ:92)۔

 

اسی طرح کا واقعہ حضرت ابوذر غفاری کا بھی ہے۔  تبوک کے موقع پر سخت گرمی کا موسم تھا اور اس وقت کی سپر پاور روم سے لڑائی تھی۔  منافقین کی کوشش تھی کہ کسی طرح اس جنگ میں شریک نہ ہونے کا بہانہ تلاش کیا جائے۔  اللہ نے قرآن میں منافقین کی صورتِ حال کو ان الفاظ میں بیان کیا ہے:وَقَالُوا لاَ تَنفِرُوا فِي الْحَرِّ قُلْ نَارُ جَهَنَّمَ أَشَدُّ حَرًّا لَوْ كَانُوا يَفْقَهُونَ oفَلْيَضْحَكُوا قَلِيلاً وَلْيَبْكُوا كَثِيرًا جَزَاءً بِمَا كَانُوا يَكْسِبُونَ''اوراُنہوں نےکہاکہ اس گرمی میں مت نکلو۔  کہہ دیجئےکہ دوزخ کی آگ بہت ہی سخت گرم ہے کاش کہ وہ سمجھ سکتے۔ پس انہیں چاہیے کہ بہت کم ہنسیں اور بہت زیادہ روئیں بدلے میں اس کے جو یہ کرتے ہیں''(التوبہ: 81-82 )۔  اِنہی بہانہ بنانےوالوںمیں سےایک بنی سلمہ قبیلےکےجدبن قیس سےاللہ کےرسول ﷺنےپوچھاکہ'' اےجد!کیاتم بنیاصفرلڑناچاہوگے؟''  تواُسنےجوابدیا، ''اےاللہ کےرسولﷺ،آپ مجھےرہنےدیجئے،امتحان میں نہ ڈالئےمیرےسارےلوگ جانتےہیں کہ میں عورتوں کےمعاملےمیں کچاہوں،وہاںبنیاصفرکی رومی عورتیں دیکھوں گاتوخودکوروک نہ پاؤں گا''۔  آپﷺنےاُس سےمنہ پھیرلیا۔  اسی سلسلہ میں یہ آیت نازل ہوئی:

وَمِنْهُمْ مَنْ يَقُولُ ائْذَنْ لِي وَلاَ تَفْتِنِّي أَلاَ فِي الْفِتْنَةِ سَقَطُوا وَإِنَّ جَهَنَّمَ لَمُحِيطَةٌ بِالْكَافِرِينَ

''ان میں سےکوئی توکہتاہےمجھےاجازت دیجئے،مجھےفتنےمیں نہ ڈالئے،آگاہ رہووہ توفتنےمیں پڑچکےہیں اوریقیناًدوزخ کافروں کوگھیرلینےوالی ہے''(التوبہ: 49 )۔

لیکن دوسری طرف ابوذرغفاری جیسے صحابہ کرام تھے ۔  ان کا اونٹ کمزور تھا اورسفر کے دوران سست ہو گیا۔  حضرت ابوذر غفاریؓ نے اس کو چلانے کی کافی کوشش کی مگر وہ نہ چلا۔  چنانچہ آپؓ نے اس پر سے ساز و سامان اتار کر اپنی پیٹھ پر لاد لیااور سخت گرمی کے موسم میں پیدل لشکر کے پیچھے روانہ ہو گئے یہاں تک کہ رسول اللہﷺ سے جا ملے۔

صحابہ کی دوسری نمایاں صفت دنیا سے بےرغبتی تھی۔ایک حاملِ دعوت جب لوگوں کے سامنے اس دعوت کو پیش کرتا ہے تو اسے کتنے ہی ایسے لوگ ملتے ہیں، جو کہ اس دین سے محبت کرتے ہیں، لیکن جو چیز ان کے لیے اسلامی ریاست کے قیام کے عظیم کام کا بیڑا اٹھانے میں رکاوٹ بن جاتی ہے وہ دنیا کی نعمتوں کے چھن جانے کا خوف اور مال کی محبت ہے، طرز زندگی کی فکر ہے، کاروبار میں کمی کا ڈر ہے۔بے شک آج سرمایہ دارانہ نظام سے پھوٹنے والا مادہ پرستی کا عظیم فتنہ دنیا کو اپنی گرفت میں لیے ہوئے ہے۔

ابو بکرؓنے اپنے دورِ خلافت میں ایک مرتبہ پینے کے لیے پانی مانگا تو لوگ شہد کا شربت لائے،  آپؓ نے پیالے کو منہ لگایا اور پھر ہٹا کر رونے لگے۔  جو لوگ پاس بیٹھے ہوئے تھے وہ بھی رو پڑے۔  لوگوں نے پوچھا کہ کس چیز نے آپ کو رُلا دیا ۔  آپ نے فرمایا: ایک دن میں رسول اللہ کے ساتھ  تھا ۔ میں سے دیکھا کہ آپﷺ کسی آدمی کو دھکیل رہے ہیں،  حالانکہ کوئی شخص آپ کے پاس نہ تھا۔  میں نے پوچھا کہ آپﷺ کس کو دھکیل رہے ہیں ۔  آپ ﷺنے فرمایا: دنیا میرے سامنے مجسم ہو کر آئی تھی میں نے اس سے کہا کہ میرے پاس سے ہٹ جاؤ وہ ہٹ گئی، پھر دوبارا آئی اور کہا آپ مجھ سے بچ کر نکل جائیں تو نکل جائیں لیکن آپ کے بعد کے لوگ مجھ سے نہیں بچ سکتے ۔  ابوبکرؓ فرماتے ہیں مجھے یہی واقعہ یاد آ گیا اور میرے دل میں خوف پیدا ہوا کہ کہیں یہ دنیا مجھے چمٹ نہ جائے۔ابوبکر کس قدر فکر مند اور خبردار تھے۔  کہ ایک نعمت کی فراوانی نے انہیں فکر مند کر دیا کہ کہیں دنیا ان سے چمٹ نہ جائے۔  اور آج ہم کتنی نعمتیں کھاتے ہیں، پہنتے ہیں، استعمال کرتے ہیں، لیکن کیا ہمیں یہ فکر دامن گیر ہوتی ہے؟!

 

یہاں یہ جاننا ضروری ہے کہ بے شک ایسا نہیں تھا کہ صحابہؓ اللہ کی نعمتوں کو استعمال نہیں کرتے تھے، اور اللہ کا شکر ادا نہیں کرتے تھے۔  عشرہ مبشرۃ میں سے دو صحابی عثمان ؓ اور عبد الرحمن بن عوف ؓ کے پاس مال و دولت کی فراوانی تھی۔     ابو بکرؓ اور عمرؓکے پاس قطع اراضی تھے جن پر وہ کاشت کاری کیا کرتے تھے۔  اوربے شک یہ تصور درست نہیں کہ  ہر کسی کے لیے اتنا ہی ہونا چاہئے کہ جتنا کہ بس اس کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہو، اور اسے آسائشوں کو حاصل نہیں کرنا چاہئے۔ اگر اسلام میں ایسا ہوتا تو پھر اسلام میں وراثت کے احکامات موجود نہ ہوتے۔  اور رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا ہے کہ جو شخص اللہ سے ڈرے دولت مندی کا اسے کوئی مضائقہ نہیں (احمد)۔     مگر جس چیز سےایک حاملِ دعوت کو خبردار رہنا ہے وہ یہ ہے کہ آج جب ایک ایمان دار شخص کے لیےجائز طریقوں سے زندگی گزارنا مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے، جبکہ دوسری طرف اس نظام نے حرام ذرائع سے دولت کے حصول کے دروازے کھول رکھے ہیں،اورحکمرانوں نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی پالیسیوں کو نافذ کر کے لوگوں کی  زندگی کو اجیرن کر رکھا ہے، تو یہ صورتِ حال کہیں اسےگرفت میں نہ لے لے کہ اس کے بڑھتے ہوئے قدم سست پڑ جائیں، اور شیطان اس کی ترجیحات کو تبدیل کردےاوروہ دنیا کی طرف نہ جھک جائے۔   کیونکہ  رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا:((يهرمابنادموی شبمنهاثنانالحرصعلی المالوالحرصعلی العمر))"آدمی بوڑھا ہوتا جاتا ہے مگر دو چیزیں اس میں جوان ہی رہتی ہیں مال اور عمر کے لمبا ہونے کی حرص"(متفق علیہ)۔    پس اسے رسول اللہ ﷺ کے ان فرمودات کو اپنے سامنے رکھنا ہے: ان لکل امة فتنة وفتنة امتی المال "بے شک ہر امت کا ایک مخصوص فتنہ ہوتا ہے اور میری امت کا فتنہ مال ہے"(ترمذی)۔   اور فرمایا:  لا الفقر اخشی علیکم و لکن اخشی ان تبسط علیکم الدنی افتنافسوهاکماتنافسوهافتهلک کمکمااھلکتهم"میں تم پر فقر کا خوف نہیں لیکن اس بات کا خوف رکھتاہوں کہ دنیا تم پر کشادہ کر دی جائے گی اور تم اس میں ایسے ہی رغبت کرو گے جیسے پہلوں نے کی اور وہ تمہیں ایسے ہی ہلاک کرے گی جیسے پہلوں کو کیا"(بخاری)۔   اور فرمایا:

 

(( ان اخوف ما اتخوف علی امتی الهوی وطولالاملفاماالهویٰ فی صدعن الحقواماطولا لاملفی نسیا لآخرۃ))

"بے شک میں اپنی امت پر جن چیزوں کا خوف رکھتا ہوں ان میں سب سے زیادہ خوف خواہشاتِ نفس اور لمبی امیدوں کا ہے۔ خواہشات حق سے روک دیتی ہیں اور لمبی امیدیں آخرت سے غافل کر دیتی ہیں"(بیھقی)۔

اورامام احمد نے اپنی مسند میں روایت کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا

((اثنان یکرھھماابنادمیکرہالموتوالموتخیرللمومنینمنالفتنةویکرہقلةالمالوقلةالمالاقلللحساب))

"انسان دوچیزوں کو اچھا نہیں سمجھتا حالانکہ وہ دونوں اس کے لیے بہتر ہیں۔  وہ موت سے کراہت کرتا ہے حالانکہ موت مومن کے لیے بہتر ہے جس کی وجہ سے وہ فتنے سے بچ جائے گا اور وہ مال کی کمی کو اچھا نہیں سمجھتا حالانکہ مال کی کمی حساب کی کمی کا سبب ہے"۔

 

صحابہ کرام ؓ لوگوں کو بھی دنیا کی بے وقعتی کی یاددہانی کراتے رہتے تھے۔ ایک دن ابو ہریرۃ ؓ نے بازار میں جا کر لوگوں کو پکارا کہ تمہیں کس چیز نے مجبور کر رکھا ہے؟ لوگوں نے پوچھا کس چیز سے؟  آپؓ نے کہا وہاں رسول اللہﷺ کی میراث تقسیم ہو رہی ہے اور تم لوگ یہاں بیٹھے ہو۔  لوگوں نے پوچھا  : کہاں تقسیم ہو رہی ہے۔  آپؓ نے کہا : مسجد میں۔  لوگ لپک کر مسجد پہنچے۔  لیکن وہاں مال کی تقسیم کا کوئی معاملہ نہ تھا۔  انہوں نے واپس آ کر صحابی رسول سے کہا کہ وہاں تک کچھ بھی تقسیم نہیں ہو رہا، البتہ کچھ لوگ نماز پڑھ رہے ہیں ، کچھ تلاوتِ قرآن پاک میں مشغول ہیں ، کچھ حلال و حرام پر گفتگو کر رہے ہیں۔ ہیں۔  ابوہریرۃ ؓ نے فرمایا: تم لوگوں پر افسوس ہے ، یہی تو تمہارے نبی کی میراث ہے۔

دارمی نے عبد اللہ بن عمر و بن العاصؓ سے روایت کیا کہ ایک دفعہ میں مسجد میں بیٹھا ہوا تھا اور فقراء مہاجرین کا ایک گروہ بھی مسجد میں بیٹھا ہوا تھا   کہ رسول اللہ ﷺ تشریف لائے  اور ان میں آ کر بیٹھ گئے۔  میں ان کے پاس آیا۔  اور رسول اللہﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا۔  فقرا مہاجرین اس چیز کے ساتھ خوش ہو جائیں جو انہیں خوش کرے گی۔  وہ جنت میں مالداروں سے چالیس سال پہلے داخل ہو ں گے۔  عبد اللہ بن عمر وؓفرماتے ہیں کہ میں نے دیکھا کہ ان کے چہرے روشن ہو گئے یہاں تک کہ میں نے آروز کی کہ میں بھی انہی میں سے ہوتا۔

بیت المقدس کی فتح کے بعد جب عمرؓ نے بلاد الشام کا رخ کیا تو وہاں ان کی ملاقات حضرت ابو عبیدہ بن جراحؓ سے ہوئی۔  ایک دن عمرؓ نے ابو عبیدہؓ سے فرمایا کہ مجھے اپنے گھر لے چلئے۔  ابو عبیدہ نے جواب دیا  آپ میرے گھر میں کیا کریں گے  اور عمرؓ کو ٹالنے کی کوشش کی۔ لیکن عمرؓ کے اصرار پر انہیں ساتھ گھر لے آئے۔  ان کی گھر میں ڈھال ، تلوار اور اونٹ کے کجائے کے علاوہ کوئی خاص سامان نہ تھا۔    عمرؓ نے فرمایا: اے ابو عبیدہ کاش تم ضروری سامان تو فراہم کر لیتے۔  اس پر ابو عبیدہ بن جراح نے جواب دیا : ہمیں قبر تک پہنچانے کے لیے اتنا سامان ہی کافی ہے۔

یہ تھے رسول اللہ ﷺ کے صحابہ کرام اور ان کا طرزِ عمل۔   آج حاملینِ دعوت کو صحابہ کرامؓ کے طرزِ عمل کو مشعلِ راہ بنانا ہے۔تبھی وہ کفر کے اژدھام کے باوجود آگے سے آگے بڑھ سکے گا۔  اورلوگوں کے لیے اس کی حیثیت  وہی  گی کہ جیسے اندھیری رات میں چراغ کی ہوتی ہے۔  اور اسلام کی سربلندی کا ہدف ان کے ہاتھوں اسی طرح پورا ہوگا جیسا کہ ماضی میں صحابہ ؓ کے ہاتھوں ہو ا۔

 

حزب التحریر کے مرکزی میڈیا آفس کے لیے لکھا گیا

تحریر: افتخار احمد

 

 

Leave a comment

Make sure you enter the (*) required information where indicated. HTML code is not allowed.

اوپر کی طرف جائیں

دیگر ویب سائٹس

مغرب

سائٹ سیکشنز

مسلم ممالک

مسلم ممالک